قاہرہ: (دنیا نیوز) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی 97 فی صد ووٹ لے کر چار سال کے لیے دوبارہ منتخب ہوگئے ہیں۔
مصری الیکشن کمیشن کے چیئرمین لاشین ابراہیم نے قاہرہ میں پریس کانفرنس میں نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں ٹرن آؤٹ اکتالیس فیصد رہا اور ستانوے فیصد سے زائد لوگوں نے صدر السیسی کی حمایت کی۔ ان کے مدمقابل امیدوار موسیٰ مصطفیٰ موسیٰ کو 2 اعشاریہ 92 فیصد ووٹ ملے۔
مصر کے سرکاری اخبار الاہرام نے صدارتی انتخاب کے لیے 26 سے 28 مارچ تک ہونے والی پولنگ میں ووٹ ڈالنے کی شرح 42.08 فی صد بتائی ہے اور کہا ہے کہ مصر کے کل 6 کروڑ رجسٹرڈ ووٹروں میں سے ڈھائی کروڑ نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے۔
سابق جرنیل السیسی نے جولائی 2013 میں صدر محمد مرسی کی منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کیا تھا۔ مصری آئین کے مطابق صدر عبدالفتاح السیسی کی موجودہ چار سالہ مدت سات جون کو ختم ہوگی اور وہ آٹھ جون کو نئی مدت صدارت کے لیے اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔