اسرائیل کا شام میں ایرانی تنصیبات پر میزائل حملہ

Last Updated On 10 May,2018 06:14 pm

دمشق: (دنیا نیوز) مشرق وسطیٰ ایک بار پھر جنگ کے دہانے پر پہنچ گیا۔ اسرائیل نے شام میں ایرانی تنصیبات پر میزائیلوں کی بارش کر دی، 23 افراد کی ہلاکت اور ایرانی تنصیبات تباہ کرنے کا دعویٰ، شامی میڈیا کے مطابق صرف تین افراد مارے گئے۔

ٹرمپ کی جانب سے ایران ایٹمی معاہدے سے علیحدگی کے بعد اسرائیل کی دیدہ دلیری آخری حدوں کو چھونے لگی، شام میں ایرانی تنصیبات پر میزائیلوں کی برسات کر دی۔ روسی حکام کے مطابق 28 اسرائیلی طیاروں سے مختلف مقاماتپر 70 میزائیل داغے گئے جن میں سے آدھے میزائیلوں کوشامی فوج نے مار گرایا۔ شامی فوج کے مطابق متعدد اسرائیلی میزائیل دمشق کی فضاؤں میں بھی داخل ہو گئے تھے جنہیں فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ اس سے پہلے اسرائیل نے الزام لگایا تھا کہ مقبوضہ گولن ہائٹس پر ایرانی القدس فورسز کی جانب سے راکٹ داغے گئے تھے تاہم یہ راکٹ اپنے ہدف تک نہ پہنچ سکے۔