مظاہروں کے دوران درجنوں شہری زخمی، پتھراؤ سے 12 اہلکار لہولہان، متعدد گاڑیاں بھی جلا دی گئیں
نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی ریاست مہاراشٹر میں پانی کے تنازعے میں دو گروپوں میں جھڑپ پرتشدد ہنگامے میں بدل گئی، 100 دکانوں اوردرجنوں گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی، دوافراد بھی مارے گئے۔
مہاراشٹر کےعلاقے اورنگ آباد میں پانی کے تنازعے پر جھڑپ خوفناک صورتحال اختیار کر گئی۔ پر تشدد مظاہروں میں 2 افراد مارے گئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔ مشتعل مظاہرین کی پولیس کے ساتھ بھی جھڑپیں ہوئیں جس میں 12 پولیس اہلکار پتھراؤ سے لہولہان ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 100 سے زائد دکانوں اور درجنوں گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا گیا۔
اورنگ آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی، بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ شام کو ایک مذہبی مقام پر پانی کے غیرقانونی کنکشن کاٹے جانے پر دوگروپوں میں بحث ہوئی جو سوشل میڈیا کے ذریعے مختلف علاقوں تک پھیل گئی۔