لاہور: (دنیا نیوز) امریکا مقبوضہ بیت المقدس میں آج اپنے سفارتخانے کا افتتاح کررہا ہے، جسے فلسطینیوں نے مسترد کردیا، غزہ کی پٹی میں احتجاجی ریلی پر اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے 20 فلیسطینی شدید زخمی ہوگئے۔
مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کا افتتاح آج ہو رہا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا اور ان کے شوہر جیرڈکشنر افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ تل ابیب سے امریکی سفارتخانے کو مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کے فیصلے پر فلسطینی ناراض ہیں جس پر غزہ کی پٹی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اسرائیلی فورسز نے ریلی کے شرکاء پر آنسو گیس پھینکی اور اندھا دھند فائرنگ کی جس سے درجنوں فلسطینی شدید زخمی ہوگئے۔
یوروپی یونین نے سفارتخانے کی منتقلی پر شدید اعتراض کیا ہے جبکہ زیادہ تر یورپی یونین کے سفیر بیت المقدس میں اسرائیلی سفارتخانے کی منتقلی تقریب کا بائیکاٹ کریں گے۔