غزہ: (دنیا نیوز) امریکی سفارت خانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ فائرنگ اور گولہ باری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 58 ہوگئی جبکہ 27 سو سے زائد زخمی ہیں۔
اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں پر ظلم کی انتہا کر دی۔ امریکی سفارتخانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینی شہریوں پر گولہ باری اور فائرنگ کی بوچھاڑ کر دی، آنسوگیس کے شیل بھی فائر کئے۔ اسرائیلی درندگی سے شہید ہونے والوں میں 16 بچے بھی شامل ہیں۔ گذشتہ 6 ہفتے سے اسرائیل غزہ سرحد پر نئی باڑ کے خلاف جاری مظاہروں میں پیر سب سے زیادہ پرتشدد دن تھا۔
ادھر اسرائیلی فوج کا کہنا ہےکہ غزہ میں حماس کے ٹھکانوں پر اسرائیلی جنگی طیاروں نے بمباری بھی کی ہے اور حملے میں پانچ ملٹری ٹریننگ سینٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔