ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا اسرائیل اورفلسطین کے حوالے سے افسوسناک بیان، سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا اہم بیان بھی سامنے آگیا۔ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے سعودی مملکت کے دو ٹوک مؤقف کی وضاحت کی اور اس پر ثابت قدم رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
شاہ سلمان نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب فلسطینی عوام کے اس قانونی حق کی مکمل تائید کرتا ہے کہ ان کے لیے ایک آزاد ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔ انہوں نے باور کرایا کہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے مملکت کا موقف ٹھوس اور ثابت قدمی پر مبنی ہے۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان کا یہ مؤقف پیر کی شام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ٹیلیفونک بات چیت کے دوران سامنے آیا۔
واضح رہے کہ شاہ سلمان کا یہ اہم مؤقف اس وقت سامنے آیا ہے جب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی اخبار دی اٹلانٹک سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرا ماننا ہے کہ تمام لوگوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ایک پُر امن ریاست میں رہیں اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کو اپنی اپنی زمین کا حق حاصل ہے اور دونوں ایک پُر امن ریاست میں رہنے کا حق رکھتے ہیں۔
ولی عہد محمد بن سلمان کے اس بیان کے بعد امت مسلمہ کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آیا تھا۔