تل ابیب: (دنیا نیوز) غزہ میں شہادتوں پر عالمی برادری کا سخت ردعمل سامنے آگیا، ترکی اور جنوبی افریقہ نے اسرائیل سے اپنے سفیر احتجاجاً واپس بلا لیے۔
سب سے پہلا عملی قدم ترکی اور جنوبی افریقہ نے اٹھایا، ترکی نے امریکا اور اسرائیل سے جبکہ جنوبی افریقہ نے تل ابیب سے اپنے سفیر واپس بلا لئے۔ پاکستان نے امریکی سفارتخانے کی منتقلی کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے اس اقدام سے مشرقِ وسطیٰ مزید عدم استحکام کا شکار ہوگا۔
فرانس، روس، برطانیہ سمیت یورپی یونین نے اسرائیلی فوج کی جانب سے کی گئی جارحیت کی مذمت کی۔ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ایک پریس کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ناتونیو گترش نے غزہ میں شہادتوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی تنظیم نے شہادتوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر امریکا نے سلامتی کونسل کا رکن ہونے کے ناطے اپنا ویٹو کا حق استعمال کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے اقدامات کی آزادانہ تحقیق کرانے کے قرارداد روک دی ہے۔