نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) پاکستان سے بھارت جانیوالی قوت سماعت و گویائی سے محروم لڑکی گیتا کیلئے 50 رشتے آ گئے جن میں 25 شارٹ لسٹ کر لئے گئے۔
بھارتی اخبار کے مطابق گیتا کے رشتے کا فیس بک پر اشتہار دیا گیا جس پر 50 افراد نے شادی کے پیغامات بھیجے۔ وزارتِ داخلہ نے جانچ پڑتال کے بعد پچیس رشتوں کو موزوں قرار دیا۔
ضلع اندور میں پنچایت کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نیہا مینا نے کہا کہ ان لوگوں سے گیتا کی ملاقات کرانے کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کر دی گئی ہے۔ گیتا کو 25 افراد کے بارے میں معلومات اور ان کی تصاویر بھی دکھائی جائیں گی تا کہ وہ مرضی سے رشتے کا انتخاب کر سکے۔
گیتا اندور کی ایک این جی او میں مقیم ہے جہاں مدھیہ پردیش حکومت کا محکمہ سماجی انصاف اس کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ گیتا نامی انڈٰین 13 سال تک پاکستان میں رہی اور ایدھی فاؤنڈیشن کراچی میں پلی بھڑی۔ غلطی سے سرحد پار کر کے انڈیا سے پاکستان آنے والی اس لڑکی کو 2015ء میں بھارت کے حوالے کیا گیا جہاں وہ ایک فلاحی ادارے میں اپنے شب و روز گزار رہی ہے لیکن ابھی تک اس کے والدین کا کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔