افغان جنگ کے 40 سال: دس لاکھ شہری ذہنی مریض، خواتین میں خودکشی کا رجحان

Last Updated On 08 June,2018 11:41 am

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں مسلسل 40 سال سے جنگ کے انتہائی منفی اثرات شہریوں پر پڑے ہیں، 10 لاکھ افغانی ذہنی مسائل سے دوچار ہیں جن میں ایک خودکشی رجحان میں اضافہ بھی ہے، سال 2017 میں 1400 خواتین نے خود کشی کی کوشش کی۔

افغانستان پچھلے 40 برسوں سے جنگ کی حالت میں ہے، عالمی طاقتوں کے مفادات کا خمیازہ اس ملک کو اس طرح بھگتنا پڑا ہے کہ دس لاکھ افغانی ذہنی مسائل کا شکار ہو چکے ہیں۔ گذشتہ برس 1800 افراد نے خودکشی کی کوشش کی جن میں 1400خواتین شامل تھیں، خواتین میں خود کشی کی وجہ گھریلو تشدد،جبری شادیاں اور ذہنی مسائل ہیں جو جنگ کے دہشت زدہ ماحول کے باعث پیدا ہوئے۔

افغان صوبے ہرات میں خواتین کی خود کشی کا رجحان باقی آبادی سے کہیں زیادہ ہے، اقوامِ متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کے اندازوں کے مطابق 87 فیصد افغان خواتین جسمانی، جنسی یا نفسیاتی تشدد میں سے کسی نہ کسی کا شکار ہوتی ہیں جبکہ 62 فیصد کو مختلف اقسام کے استحصال کا سامنا رہتا ہے۔