وادی: (دنیا نیوز) کشمیری رہنما برہان وانی کی دوسری برسی سے پہلے وادی میں پابندیوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ حریت رہنما سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق گھروں میں جبکہ یاسین ملک کو گرفتار کر لیا گیا۔
کشمیری رہنما برہان وانی کی دوسری برسی قابض فوج اور کٹھ پتلی حکومت کے لیے ڈراؤنا خواب بن گئی۔ برسی سے پہلے ہی وادی میں پابندیوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ میر واعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی کو گھر میں نظر بند کر دیا ہے جبکہ یاسین ملک کو پولیس گرفتار کر کے لے گئی۔
مقبوضہ وادی میں بھارت مخالف ریلیوں میں شرکت سے روکنے کیلئے حریت رہنماؤں کو نظر بند کیا گیا۔ حریت قیادت نے 8 جولائی کو برہان وانی کی برسی کے موقع پر ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔ ادھر دہلی کی عدالت نے آسیہ اندرابی سمیت 2 ساتھیوں کو 10 روزہ ریمانڈ پر بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کے حوالے کر دیا ہے، جس کے خلاف وادی میں آج مکمل ہڑتال ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی جدوجہد میں مصروف برہان وانی کو 8 جولائی 2016 کو شہید کیا گیا تھا۔