جزیرے لومبوک میں خوفناک زلزلہ، امدادی کارروائیاں جاری

Last Updated On 07 August,2018 06:17 pm

جکارتہ: (دنیا نیوز) انڈونیشیا میں 7 شدت کے زلزلے کے بعد خوف و ہراس کی صورتحال ہے، آفٹر شاکس کے باعث شہریوں نے رات کھلے آسمان تلے گزار دی۔ ہزاروں افراد اب بھی امداد کے منتظر، زلزلے سے ہلاک شدگان کی تعداد 108 ہوگئی۔

انڈونیشیا کے جزیرے لومبوک میں خوفناک زلزلے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں، مسلسل آفٹر شاکس کے باعث شہریوں نے رات کھلے آسمان تلے گزاری۔ منہدم عمارتوں کے ملبے سے زخمیوں اور ہلاک شدگان کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف علاقوں میں ہزاروں متاثرین ابھی تک امداد کے منتظر ہیں جبکہ ذرائع آمدورفت متاثر ہونے کے باعث دور دراز کے علاقوں میں اشیاء خوردونوش کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

زلزلے کے باعث سیاحوں کی بڑی تعداد جزیرے میں پھنس کر رہ گئی ہے جنہیں ریسکیو کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق ملبہ ہٹانے کا کام بدستور جاری ہے اور ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔