کیرولائنا (دنیا نیوز ) سمندری طوفان فلورنس امریکا کے مشرقی ساحل سے ٹکرا گیا، 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی تیز رفتار ہواؤں کے ساتھ طوفان کا رخ جنوبی اور مشرقی کیرولائنا کی جانب ہے، حکام نے طوفان کی وجہ سے بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
سمندری طوفان فلورنس نارتھ اور ساؤتھ کیرولائنا کے ساحلی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے جس کے نتیجے میں تیز ہواؤں اور بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک لاکھ گھروں تک بجلی کی سپلائی پہلے ہی منقطع ہوچکی ہے، حکام نے فلورنس کی وجہ سے بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
نارتھ اور ساؤتھ کیرولائنا میں دس لاکھ لوگوں کا انخلا کیا جا چکا ہے، ورجینیا، واشنگٹن ڈی سی، میری لینڈ کےعلاقے بھی طوفان کی زد میں آئیں گے، حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ فلورنس دوسرے درجے پر ہے لیکن اس کے باوجود وہ بدستور خطرناک ہے۔