تہران: (دنیا نیوز) پاسدارانِ انقلاب کے نائب سربراہ حسین سلیمی نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ تہران کی جانب سے تباہ کن ردعمل کیلئے تیار رہیں۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے نائب سربراہ اہواز حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تجہیز وتدفین میں شریک تھے۔ حسین سلیمی نے حملے کا الزام امریکا اور اسرائیل پر لگایا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تباہ کن ردعمل کے لیے تیار رہیں، جس سے انہیں اپنے کیے پر پچھتاوا ہوگا۔
یاد رہے کہ ہفتے کو اہواز میں فوجی پریڈ کے حملے میں 12 فوجیوں سمیت 25 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ تدفین میں شریک ہزاروں افراد نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف نعرے بھی لگائے۔