بھارت: یوگی ادتیہ ناتھ کا تاریخی شہر الہ ٰآباد کا نام تبدیل کرنیکا اعلان

Last Updated On 16 October,2018 05:14 pm

لکھنؤ: (روزنامہ دنیا) اتفاق رائے حاصل ہو گیا تو جلد الہٰ آباد کا نام تبدیل کرکے پرایاگرج رکھیں گے :وزیراعلیٰ اتر پردیش

بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ نے تاریخی شہر الہ ٰآباد کا نام تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے ہندو انتہا پسند وزیراعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ کا کہنا ہے کہ الہٰ آباد کا نام تبدیل کرکے پرایاگرج رکھیں گے اور اگر اتفاق رائے حاصل ہو گیا تو جلد نام کو تبدیل کر دیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاستی وزیر اعلیٰ کنبھ کے میلے سے پہلے الہٰ آباد کا نام تبدیل کرنا چاہتے ہیں جبکہ کنبھ میلہ رواں سال 30 نومبر سے شروع ہونے کا امکان ہے جس کا افتتاح بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ کے نام بدلنے کے اعلان پر اپوزیشن جماعت کانگریس نے شدید احتجاج کیا ہے۔ کانگریس کے مقامی ترجمان کے مطابق تہذیبی اور تاریخی اعتبار سے مشہور الٰہ آباد شہر کا نام بدلنے سے اس کی پہچان متاثر ہو سکتی ہے جس کا اثر تعلیمی و معاشی سرگرمیوں پر بھی پڑے گا۔