اسلام آباد: (دنیا نیوز) توانائی کے شعبے میں پاک روس تعلقات میں ایک اور اہم پیشرفت، کراچی لاہور گیس پائپ لائن منصوبے کے معاہدے کی مدت میں چھ ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔
پاکستان اور روس کے مابین کراچی سے لاہور گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے مذاکرات کا پہلا دور ختم ہوگیا ہے، جس میں معاہدے کے تجارتی قانونی اور تکنیکی پہلووں پر بات چیت کی گئی ہے۔ مذاکرات میں گیس پائپ لائن معاہدے میں 6 ماہ کی توسیع کردی گئی، گیس معاہدے کی مدت کل ختم ہو رہی تھی۔
مذاکرات کے اگلے مرحلے میں آر ٹی گلوبل پر عائد امریکی پابندیوں سے معاہدے کا نیا سٹرکچر پیش کیا جائے گا۔ مذاکرات میں گیس پائپ لائن پر ٹرانسپورٹیشن چارجز کے معاملے پر بات ہوگی اور ذرائع کا دعوی ہے کہ روس کے ساتھ پائپ لائن کا ٹیرف 75 سینٹ فی ایم ایم بی ٹی یو طے پا جائے گا۔