ماسکو: (روزنامہ دنیا) پریس کانفرنس میں روسی فائٹر نے اپنے حامیوں اور نیواڈا ایتھلیٹک کمیشن سے معذرت کر لی۔
یو ایف سی کے مسلمان روسی فائٹر خبیب نورمیگو میڈوف کا کہنا ہے کہ ان کے حریف کانر میک گریگور کے ٹریننگ پارٹنر ڈیلون نے ان کے مذہب، ملک اور والد کے بارے میں باتیں کہیں تو وہ اپنے غصے پر قابو نہیں رکھ سکے اور حریف ٹیم پر چڑھ دوڑے۔ لاس ویگاس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے روسی فائٹر نے اپنے برتاؤ پر اپنے حامیوں اور امریکی ریاست نیواڈا کے ایتھلیٹک کمیشن سے معذرت بھی کی۔ یو ایف سی کے سربراہ نے روسی فائٹر کو موقع پر بیلٹ دینے سے انکار کر دیا تھا، تاہم بعد میں انہیں بیلٹ دی گئی۔