واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ نے شمالی کوریا کے ساتھ تجارت کرنے والی روس اور چین کی 2 کمپنیوں پر پابندی عائد کر دی، دونوں کمپنیاں شمالی کوریا کو مختلف شعبوں میں تکنیکی خدمات بھی فراہم کرتی ہیں۔
امریکی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ان پابندیوں کی ضرورت اس لیے تھی تاکہ شمالی کوریا کو غیرقانونی سرمایہ منتقل کرنے میں رکاوٹ ڈالی جا سکے۔ چین میں قائم ایک ٹیکنیکل فرم کا چیف ایگزیکٹو شمالی کوریا سے تعلق رکھتا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر خزانہ سٹیون منچن نے دنیا بھر میں کام کرنے والی مختلف کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور کسی بھی شمالی کوریا کے باشندے کو ملازمت دینے سے گریز کریں۔ جنوبی کوریا نے ان پابندیوں کو درست قرار دیا ہے۔