برسلز: (ویب ڈیسک) یورپی ممالک کی مشترکہ فوجی تنظیم نیٹو نے روسی جنگی مشقوں کے جواب میں فضائی مشقیں شروع کر دیں۔ روسی مشقوں میں چین اور منگولیا بھی شریک ہیں۔ برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے لڑاکا طیارے مغربی یورپ میں فضائی حملے کے خلاف جنگی مشقوں میں مصروف ہیں۔
نیٹو کے ساٹھ طیارے ان دنوں کسی بھی فضائی خلاف ورزی کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں۔ نیٹو حکام نے روس پر بڑھتی ہوئی فضائی خلاف ورزیوں کا الزام بھی لگایا ہے۔
واضح رہے کہ سرد جنگ کے خاتمے کے بعد روس نے مشرقی سائبیریا میں اب تک کی سب سے بڑی جنگی مشقیں شروع کر دی ہیں جن میں تین لاکھ سے زیادہ فوجی، ہزاروں کی تعداد میں ٹینک، سینکڑوں جنگی طیارے اور بحری جہاز حصہ لے رہے ہیں۔ یہ مشقیں ایک ایسے وقت کی جا رہی ہیں جب روس اور نیٹو اتحاد کے ملکوں میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔