پیرس: (دنیا نیوز) فرانس میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج شدت اختیار کر گیا، ایک سو سات مظاہرین گرفتار کرلیے گئے، دارالحکومت میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا، جگہ جگہ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں جاری، مظاہرین نے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کردیے۔
پیرس ہزارو ں افراد تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔مظاہرین کی وزیر اعظم کی رہائش گاہ تک پہنچنے کی کوشش پر پولیس نے ایک سو سات مظاہرین دھر لیے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے شیلز برسائے جس سے پیرس کی سڑکیں میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگیں، پولیس نے الیزے پیلس کے تمام داخلی دروازے سیل کر دیے۔
مظاہروں کا آغاز تیل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کے لیے ہوا تھا۔ مگر اب مظاہرین کے مطالبات وسیع ہو چکے ہیں، جس میں ملک میں موجود مہنگائی میں کمی اور صدر میکرون سے استعفیٰ کا مطالبہ بھی شامل ہوچکا ہے۔