ہلمند میں امریکی فورسز کا فضائی حملہ، بچوں سمیت 23 جاں بحق

Last Updated On 30 November,2018 08:59 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغان صوبے ہلمند میں امریکی فورسز کا فضائی حملہ، اقوام متحدہ کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق حملے میں بچوں اور خواتین سمیت 23 افراد جاں بحق ہو گئے، نیٹو حکام نے ہلاکتوں کو کولیٹرل ڈمیج قرار دے دیا۔

افغان صوبے ہلمند میں امریکی طیاروں کی بمباری سے بچوں اور خواتین سمیت 23 افراد جاں بحق ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی طیاروں نے ہلمند صوبے میں ایک کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا جہاں عام شہری رہائش پزیر تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔ دوسری جانب نیٹو حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی تھی اور مرنے والوں میں شدت پسند بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی پالیسی کے نفاذ کے بعدسے اب تک افغانستان پر ریکارڈ تعداد میں بم برسائے گئے جس سے بڑی تعداد میں عام شہری جاں بحق ہوئے۔ صرف رواں سال سے اب تک 649 افغان شہری امریکی بمباری کا نشانہ بن چکے ہیں۔