سال 2018ء: دنیا بھر میں کیا کچھ ہوتا رہا؟

Last Updated On 18 December,2018 09:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سال 2018ء بین الاقوامی منظر نامے پر کئی قابل ذکر تبدیلیاں رونما کر کے اپنے اختتام کے قریب ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ

گزشتہ سال کی طرح دو ہزار اٹھارہ میں بھی عالمی میڈیا پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چرچے رہے، سال بھر میں ٹرمپ انتظامیہ کے 44 عہدیدار نکال دیے گئے یا ٹرمپ کا ساتھ چھوڑ گئے، ان میں وائٹ ہاؤس چیف آف اسٹاف، متعدد ڈپٹی چیفس،سینئر مشیر، اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر شامل ہیں۔ امریکی صدر ایران پر پابندیوں اور چین کے ساتھ تجارتی جنگ کے باعث بھی خبروں میں رہے۔

غزہ کی پٹی


فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں محصور فلسطینیوں نےGreat March of Return کے نام سے ایک تحریک شروع کی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عالمی توجہ حاصل کر لی۔ 30 مارچ سے شروع ہونے والی تحریک ابھی تک جاری ہے جس میں اب تک دو سو سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں۔

14 مئی 2018 کو امریکا نے تل ابیب میں اپنا سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کیا اور باقاعدہ طور پر بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کیا جبکہ اقوام متحدہ نے دو ہزار سترہ میں اس حوالے سے امریکی قرار داد کو مسترد کردیا تھا۔

امریکا، شمالی کوریا

امریکی صدر شمالی کوریا کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے عالمی میڈیا پر چھائے رہے، سال کے آغازمیں وہ شمالی کوریا کو ایٹمی جنگ کی دھمکیاں دیتے رہے، پھر اچانک کمِ جونگ اُن سے ملاقات کا اعلان کیا، یہ تاریخی ملاقات 12 جون 2018 کو سنگاپور میں ہوئی، جس کے بعد شمالی کوریا نے ایٹمی تجربات سے دستبرداری کا اعلان کیا۔

2018ء: سعودی خواتین کی آزادی کا سال

2018ء سعودی عرب کے شہریوں خصوصاَ خواتین کے لیے خوشیوں بھرا سال رہا، 5 جون 2018 کو سعودی عرب میں پہلی بار خواتین کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء کیا گیا اور دہائیوں سے خواتین کی ڈرائیونگ پر پابندی اٹھا لی گئی، اس دوران پہلی بار سنیما ہاؤسز بھی کھل گئے اور سعودی عرب میں روشن خیالی اور اعتدال پسندی کے حوالے سے اصلاحات نافذ کی گئیں۔

افغانستان

افغانستان کے لیے 2018 جہاں خونریز ترین سال رہا، وہیں امن کی جانب بھی اہم اقدامات اٹھائے گئے، سترہ سالہ جنگ میں پہلی بار عید الفطر کے موقع پر افغان فورسز اور طالبان کے درمیان تین روزہ جنگ بندی ہوئی۔ا سی سال ہی امریکا اور طالبان مذاکرات کی میز پر بیٹھ گئے، اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

جمال خشوگی کا قتل


2018 میں ویسے تو ہزاروں لوگ قتل ہوئے لیکن ایک قتل ایسا بھی ہوا جس نے جارح مزاج سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو بیک فٹ پر جانے پر مجبور کیا۔ سعودی نژاد صحافی 2 اکتوبر کو استنبول میں امریکی قونصل خانے میں داخل ہوئے پھر کبھی باہر نہ آئے، پہلے تو سعودی حکام نے لاعلمی کا اظہار کیا لیکن جب ترک صدر نے ثبوتوں کے ساتھ دعویٰ کیا کہ خشوگی کو قتل کیا گیا ہے تو سعودی حکام نے قتل کی تصدیق کر دی اور واقعے کو حادثہ قرار دیا،۔ اس حادثے کے مکروہ سائے سے سعودی ولی عہد ابھی تک پیچھا نہیں چھڑا پائے۔

تھائی لینڈ: غار میں پھنسے فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کی تلاش جاری

23 جون 2018 کو تھائی لینڈ میں جونیئر فٹبال ٹیم کے کھلاڑی اور ان کا کوچ بارش کے باعث ایک غار میں پھنس گئے، بچوں کو بچانے کے لیے دنیا بھر سے ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں اور 18 دن کی انتھک محنت کے بعد بالآخر بچوں کو زندہ سلامت غار سے باہر نکال لیا گیا، یہ واقعہ ریسکیو آپریشن کی تاریخ کا نا قابل فراموش آپریشن بن گیا۔

فیفا ورلڈ کپ:

فیفا ورلڈ کپ 2018 کا فائنل ماسکو میں کھیلا گیا جہاں 1998 کے بعد فرانس نے اپنا دوسرا ورلڈ کپ کروشیا کو چار کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر جیت لیا۔ کروشیا کے لیوکا موڈرچ کو گولڈن بال جبکہ فرانس کے ایم باپے کو ینگ ہلیئر ایوارڈ دیا گیا۔

 مشہور سائنسدان اسٹیفن ہاکنگ کا انتقال کیوبا پر کاسترو خاندان کی حکمرانی کا خاتمہ، اور برطانوی شہزادہ ہیری کی شادی بھی ان چند واقعات میں سے ایک ہیں جو 2018 کے دوران عالمی خبر کی حیثیت اختیار کر گئے۔


 

Advertisement