اسرائیل کو بچانے کیلئے امریکی دفاعی نظام نصب

Last Updated On 05 March,2019 01:41 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) امریکی فوج نے پہلی بار جدید ترین فضائی اور میزائل دفاعی نظام اسرائیل میں نصب کر دیا۔ برطانوی اخبار ڈیلی ایکسپریس کے مطابق مارچ میں شروع ہونیوالے تنصیب کے اس عمل کا مقصد فوج کی ایسے ہتھیار فوری نصب کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لینا تھا۔

تنصیب کا فیصلہ ایرانی وزیر خارجہ کے بیان کے بعد کیا گیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل کیساتھ فوجی ٹکراؤ کا امکان نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ امریکی یورپین کمانڈ کے ترجمان نے کہا کہ تھاڈ سسٹم فوری اسرائیل منتقل کرنے کا فیصلہ اسرائیل کی سلامتی کے امریکی عزم کا عکاس ہے۔ تاہم سکیورٹی وجوہات کے باعث انہوں نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ تھاڈ میزائل سسٹم منتقل کرنے میں کتنا وقت لگا۔ انہوں نے کہا کہ تھاڈ دنیا کا مربوط فضائی اور میزائل دفاعی نظام ہے، مختصر وقت میں اس کی تنصیب سے کسی بھی متوقع خطرے سے فوری نمٹنے کی امریکی فورسز کی صلاحیت کی عکاسی ہوتی ہے۔ اس تنصیب کے حوالے سے امریکی فورسز یورپ، امریکہ اور اسرائیل میں مختلف مقامات پر کام کریں گی اور اس سسٹم کو چلانے کیلئے اسرائیلی فورسز کیساتھ قریبی تعاون کیا جائیگا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کرنل جوناتھن کوریکس نے کہا کہ تھاڈ کی تنصیب ماضی کی امریکہ اسرائیل فوجی مشقوں سے مختلف ہے، اس میں حکمت عملی کے تحت عملی تعاون یقینی بنانا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھاڈ سسٹم کے تمام ضروری آلات صحرائے نقب کے ایئر بیس پر موجود ہیں، اس سسٹم کو جلد خفیہ مقام پر منتقل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تھاڈ سسٹم کا اسرائیل کو فائدہ یہ ہوا ہے کہ ہمیں اپنے تمام سسٹم مربوط کرنے کا موقع ملا ہے۔ نیوز ایجنسی کے مطابق اس پیش رفت سے تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔