طالبان کا ہلمند بیس پر حملہ، 23 افغان فوجی ہلاک

Last Updated On 04 March,2019 07:50 pm

کابل: (ویب ڈسیک) افغانستان میں طالبان نے امریکی و افغان فورسز کی مشترکہ ملٹری بیس پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 23 افغان سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق طالبان نے افغان صوبے ہلمند کے شہر شوراب میں امریکا اور افغان فورسز کی مشترکہ ملٹری بیس پر حملہ جدید ہتھیاروں اور خود کش بمباروں کی مدد سے حملہ کیا۔

افغانستان کی وزارت دفاع کے ترجمان نے طالبان کے حملوں میں 23 اہلکاروں کی ہلاکت اور 15 کے زخمی ہونے کا بتایا۔ ترجمان نے جوابی کارروائی میں 20 دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

گورنر ہلمند کے ترجمان نے بھی کارروائی میں 23 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طالبان نے حملے کے لیے 7 خود کش بمبار تعینات کیے تھے جو جھڑپوں کے دوران مارے گئے۔ 

دوسری جانب طالبان نے ہلمند ملٹری بیس پر حملے کو شوراب فدائی آپریشن کا نام دیتے ہوئے 400 کے قریب امریکی اور افغان سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔