تہران:(ویب ڈیسک) ایران کے مغربی علاقے میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں اس میں سوار پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق صوبہ بختیاری میں واقع علاقے چاہ ارامحل میں گر کر تباہ ہوا ہے ،اس وقت وہ ایک حاملہ خاتون کو لے جانے کے لیے محو پرواز تھا ۔اس خاتون کو ہنگامی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جانا تھا۔
ایران میں گذشتہ چند عشروں کے دوران میں متعدد پرانے طیارے اور ہیلی کاپٹر فنی خرابی یا دوسری وجوہ کی بنا پر گر کر تباہ ہوچکے ہیں۔ایران کا کہنا ہے کہ وہ امریکا کی طویل عرصے سے جار ی پابندیوں کی وجہ سے مغربی ممالک سے نئے طیارے یا فاضل پرزہ جات خرید نہیں کرسکتا اور یوں وہ ازکار رفتہ طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے ساتھ ہی گزارہ کررہا ہے اور وہ فنی نقائص کی بنا پر حادثات کا شکار ہوتے رہتے ہیں۔