بھارت نے اپنے سے آدھی فوج سے شکست کھائی، نیویارک ٹائمز

Last Updated On 04 March,2019 05:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سے ڈاگ فائٹ ہارنے کے بعد بھارتی فوج پر سوال اٹھنے لگے، امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق امریکہ کو بھی بھارتی فوج کی صلاحیت پر شبہ ہو گیا ہے، بھارت نے اپنے سے آدھی فوج (پاکستان) سے شکست کھائی۔

اونچی دکان پھیکا پکوان، پاکستان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ بھارت کو بہت مہنگی پڑی۔ دنیا بھر میں اسکی فوجی طاقت سے متعلق بھرم ٹوٹ گیا۔ پاکستان سے حالیہ جھڑپیں انڈیا کیلئے ٹیسٹ کیس تھیں، دنیا کی دوسری بڑی فوج رکھنے والے بھارت کی پاکستان کے ہاتھوں پٹائی سے دنیا بھر کے دفاعی ماہرین ششدر رہ گئے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق بھارتی فوج کی حالت خطرناک حد تک خراب ہو چکی۔ انڈین آرمی کے پاس جدید اسلحہ نہیں، جو موجود ہے اس کا بھی 68 فیصد حصہ بوسیدہ ہے۔ بھارتی فوج کا زیادہ تر بجٹ تنخواہوں اور پینشن پر خرچ ہو جاتا ہے۔

امریکی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت اپنی فوج کا حجم کم کرنا چاہتی ہے، چونکہ بھارت میں فوج کا محکمہ عوام کو نوکریاں دینے کا ایک بڑا ذریعہ ہے لہذا سیاسی نقصان سے بچنے کیلئے حکومت ایسا نہیں کر سکتی۔

بھارتی فوج کے اصل معاملات جو پہلے ڈھکے چھپے تھے، پاکستان کے ساتھ جھڑپ کے بعد سامنے آنا شروع ہو گئے۔ امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فضائیہ اور بحریہ میں عدم تعاون عروج پر ہے جس کے سبب بھارت نے اپنے سے آدھی فوج (پاکستان) سے شکست کھائی۔ بھارت کو چین کے مقابلے پر تیار کرنے والے امریکہ کیلئے یہ غیرمعمولی لمحہ ہے۔