لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں ایل ڈبلیو ایم سی کا گرینڈ صفائی آپریشن جاری ہے، بڑی شاہراہوں سے کوڑا کرکٹ اُٹھا لیا گیا لیکن متعدد علاقوں میں ابھی تک کوڑا کرکٹ بکھرا پڑا ہے۔
ایل ڈبلیو ایم سی کے کنٹریکٹرالبیراک کےملازمین کی 7 روزہ ہڑتال 4 روز پہلے ختم ہوئی۔ اِس کے بعد سے اب ایل ڈبلیو ایم سی کا گرینڈ صفائی آپریشن جاری ہے۔ اِس دوران بڑی شاہراہوں سے تو کوڑا کرکٹ اُٹھا لیا گیا ہے لیکن گڑہی شاہو، کینال بینک، منٹگمری روڈ، تاج باغ، تاجپورہ اور متعدد دیگر علاقوں میں بدستور کوڑا کرکٹ پھیلا ہوا ہے۔
دوسری طرف حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ 4 روز کے دوران شہر سے 10 ہزار ٹن کوڑا کرکٹ اُٹھا لیا گیا ہے۔ صورت حال مکمل طور پر معمول پر لانے کے لیے متعدد دوسرے محکموں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں جس کے باعث حالات جلد معمول پر آجائیں گے۔ موجودہ حکومت کے برسراقتدار آنے سے تیسری مرتبہ اِس صورت حال کا پیدا ہونا یقینا بہت سی خرابیوں کی نشاندہی بھی کرتا ہے۔