حکومت نے گردشی قرضے کم کرنے کیلئے 200 ارب کا نیا قرض لے لیا

Last Updated On 04 March,2019 03:55 pm

کراچی: (دنیا نیوز) قرض برائے قرض کی روش برقرار، حکومت نے گردشی قرضوں کو کم کرنے کیلئے 200 ارب روپے کا نیا قرض لے لیا۔

گردشی قرضوں کے حجم میں کمی کے لئے حکومت نے اسلامک بانڈز کا اجراء کر دیا، بینکنگ ذرائع کے مطابق حکومت نے 200 ارب روپے کے سکوک جاری کیے ہیں، بانڈز کی میعاد 10 سال ہو گی۔

ذرائع کے مطابق سات بینکوں نے بانڈز کی خریداری کی، میزان بینک نے 88 ارب روپے، فیصل بینک اور بینک اسلامی نے 70 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے، اس وقت گردشی قرضوں کا کُل حجم 1500 ارب روپے سے زائد ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق گردشی قرضوں کا حجم مسلسل بڑھ رہا ہے، حکومت فوری طور پر گردشی قرضوں کو کم کرنے کے لئے بانڈز کا اجراء تو کر رہی ہے مگر اس کے مستقل حل کے لئے حکومت کو لائن لاسسز میں کمی اور سبسڈی کا خاتمہ کرنا ہو گا۔