سپریم کورٹ: بیرون ملک جیل میں قید پاکستانیوں کی ہلاکتیں، وزارت داخلہ ذمہ دار قرار

Last Updated On 04 March,2019 12:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے بیرون ملک جیل میں قید پاکستانیوں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار وزارت داخلہ کو قرار دے دیا۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ شہریار آفریدی کو طلب کرتے ہیں، ایسے سیکریٹری داخلہ سے شہری محفوظ نہیں، توہین عدالت کا نوٹس دیتے ہیں، آپ کوئی اور کام دیکھ لیں، کیا لاشیں ہی وطن لانی ہیں۔

سپریم کورٹ میں بیرون ملک سے پاکستانی قیدیوں کی واپسی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سیکرٹری داخلہ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا آج آپکو توہین عدالت کا نوٹس دیتے ہیں۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا شہریار آفریدی کو طلب کرتے ہیں، بیرون ملک جیلوں میں قید پاکستانیوں کا کیا کرنا ہے، کیا بیرون ملک سے پاکستانیوں کی لاشیں ہی واپس لانی ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کی جیل میں ہلاکتوں کی ذمہ دار وزارت داخلہ ہے۔

جسٹس عظمت سعید نے استفسار کرتے ہوئے کہا توہین عدالت میں سزا ہوئی تو سیکرٹری داخلہ نوکری کھو بیٹھیں گے، سیکرٹری داخلہ کوئی اورکام دیکھیں وزارت داخلہ چلانا انکے بس میں نہیں، ایسے سیکرٹری داخلہ سے پاکستانی محفوظ نہیں ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ برطانیہ میں 423 قیدی جیلوں میں ہیں، تھائی لینڈ میں بھی پاکستانی جیلوں میں ہیں۔ جسٹس فیصل عرب نے کہا بھارت میں قید شاکر اللہ کی 16 سال بعد لاش واپس آئی۔

سپریم کورٹ نے بیرون ملک پاکستانی قیدیوں کی واپسی سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔