لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے سانحہ ساہیوال کا ذمہ دار ماضی کی حکومتوں اور پولیس نظام کو قرار دیدیا، کہتے ہیں خلیل کے اہل خانہ کو مکمل انصاف دیں گے، واقعہ کی ذمہ دار، پنجاب پولیس کی بدنظمی اور سیاسی بھرتیاں ہیں۔
لاہور میں سانحہ ساہیوال پر پیشرفت کے حوالے سے پنجاب حکومت نے اہم پریس کانفرنس کی، وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے جے آئی ٹی رپورٹ پر بریفنگ دی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سانحہ ماضی کی حکومتوں کی 40 سالہ ناقص کارکردگی کا نتیجہ ہے، واقعے کی ذمہ دار پنجاب پولیس ہے کیونکہ پنجاب پولیس میں سیاسی بھرتیاں ہوئی ہیں،غیر تربیت یافتہ پولیس ہے
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر جے آئی ٹی کی تحقیقات جلد مکمل کی گئیں۔ جے آئی ٹی ر پورٹ نے خلیل کے اہل خانہ کو مکمل بے گناہ قرار دیا جبکہ پولیس نے اپنے بچاؤ کے لیے خود اپنی گاڑی پر فائرنگ کی، جبکہ ذیشان کے شدت پسند تنظیموں کے ساتھ رابطے تھے۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ خلیل کے بوڑھے والدین کو ایک کروڑ روپے نقد امداد دی جائے گی۔ ٹرسٹ میں 2 کروڑ روپے رکھ کر اس رقم کا ماہانہ منافع خلیل کے بچوں کو دیا جائیگا۔