لاہور: (دنیا نیوز) بھارت نے واہگہ بارڈر کے راستے پاکستانی قیدی شاکر اللہ کی میت پاکستانی حکام کے حوالے کر دی ہے۔
انسانیت کے بدلے حیوانیت، زندہ پائلٹ کی جگہ پاکستانی قیدی کی میت کو پاکستان کے حوالے کیا گیا۔ جے پور جیل میں انتہا پسندی کا شکار بننے والا شاکراللہ بھارت کی سفاکیت کا ثبوت ہے۔ شاکر اللہ کی میت واہگہ بارڈر پر اہلخانہ کے حوالے کر دی گئی۔
اہلخانہ کا کہنا تھا کہ بھارتی پائلٹ صحیح سلامت گیا، بھارت نے بدلے میں لاش دی ، جیل میں شاکر اللہ کی حفاظت کی ذمہ داری بھارت کی تھی جو پوری نہیں کی گئی۔
بھارت میں پاکستان دشمنی اور انتہاپسندی عروج پر ہے،20 فروری کی صبح جے پور جیل میں 18برس سے قید پاکستانی شہری کو پتھر مار مار کر قتل کیا گیا تھا۔
بھارتی حکام کے مطابق 2001 سے بھارت کی قید میں موجود شاکر اللہ کو بیرک میں موجود دیگر قیدیوں نے پتھروں کے وار کرکے جان سے مار دیا تھا۔
اس حوالے سے حقائق سامنے نہ آسکے کہ شاکر اللہ کے قتل کے وقت جیل حکام کہاں تھے؟ قیدیوں کے پاس پتھر کہاں سے آئے؟