سپریم کورٹ: سرگودھا یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اکرم کی درخواست ضمانت پر سماعت

Last Updated On 28 February,2019 07:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں سرگودھا یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اکرم کی درخواست ضمانت پر سماعت، جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ ایسے لوگوں کو ڈگریاں دیں گئیں جو میٹرک بھی نہیں کر سکتے تھے۔

جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ کیا معاملہ میں ریفرنس دائر ہو چکا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ یونیورسٹی کے موجودہ وائس چانسلر نے اعتراف کیا کہ ہزاروں جعلی ڈگریاں دی گئیں، ایسے لوگوں کو ڈگریاں دیں گئیں جو میٹرک بھی نہیں کر سکتے تھے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر اکرم نے کئی کیمپس کھلوا دیئے۔

جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ سرگودھا یونیورسٹی کیمپس کیسے کھول سکتی ہے۔ وکیل اسد منظور بٹ نے کہا کہ رولز میں کیپمس کھولنے کی اجازت ہے۔ ڈگریاں ڈاکٹر اکرم کے دور کے بعد جاری ہوئیں جن کیمپس کی شکایت تھی ان کو بند کروا دیا گیا تھا۔

جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ جعلی ڈگریاں دے کر تعلیمی اداروں میں زہر ڈال دیا گیا، ریفرنس میں کیا الزامات ہیں؟ سپیشل پراسیکیوٹر نیب عمران الحق نے کہا کہ ریفرنس میں جعلی ڈگریاں اور غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے۔

وکیل اسد بٹ کا کہنا تھا کہ مجھے تو آج تک ریفرنس کی کاپی ہی نہیں دی گئی۔ عدالت نے ریفرنس کی کاپی فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔