نئی دہلی: (ویب ڈسیک) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی آفیشیل ویب سائٹ کو ہیک کر لیا گیا ہے۔ ویب سائٹ ہیک ہونے کے بعد وہ ڈاؤن ہو گئی اور اس پر کوئی بھی کام نہیں ہو پا رہا ہے۔ بی جے پی کی آفیشیل ویب سائٹ (www.bjp.org) کو اگر اوپن کرنے کی کوشش کی جائے تو پہلے تو کچھ پروسیسنگ ہوتی ہے اور اس کے بعد یہ پیغام لکھا ہوا نظر آتا ہے، ’وی وِل بی بیک سون‘ (ہم جلد ہی واپس لوٹیں گے)۔
کئی انٹرنیٹ صارفین نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ ہیک ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر تصاویر اپ لوڈ کیں۔ لیکن تاحال کسی ہیکر گروپ نے پارٹی کی ویب سائٹ ہیک کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔
دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی نے عوام کو صبر سے کام لینے کی تلقین کی۔ مبینہ طور پر ہیکرز نے بی جے پی کی ویب سائٹ پر نریندر مودی کی مضحکہ خیز تصویر لگائی اور ساتھ میں ’بوہیمین ریپسوڈی‘ کا گانا بھی لگایا۔ ویب سائٹ پر پیغام دیا گیا کہ نریندر مودی نے عوام کو پاگل بنایا ہے اور ابھی اور بھی بہت کچھ آنا باقی ہے۔ جس کے بعد ویب سائٹ بند کر دی گئی۔
ویب سائٹ انتظامیہ کی جانب سے پیغام جاری کیا گیا کہ کچھ تکنیکی خرابی کی وجہ سے ویب سائٹ بند ہے ، آئی ٹی ماہرین خرابی کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور جلد ہی ویب سائٹ دوبارہ بحال ہو جائے گی۔ انتظامیہ نے ویب سائٹ ہیک ہونے سے متعلق کوئی وضاحت پیش نہیں کی۔
واضح رہے کہ ستائیس نومبر 2017ء کو بھی بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی ویب سائٹ ہیک کرلی گئی تھی۔ ہیکرز نے ویب سائٹ پر پیغام لکھا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ڈھونگ الیکشن یا سلیکشن نہیں، آزادی چاہئے۔