واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا ہے کہ جیش محمد سمیت پاکستان میں موجود دہشتگرد گروہوں کیخلاف موثر کاروائی کی جائے۔ جان بولٹن نے خطے میں امن کے لئے پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے۔
امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران خطے میں قیام امن کے حوالے سے پاکستان حکومت کے اقدامات کو سراہا ہے۔ جان بولٹن نے کہا وہ اور وزیر خارجہ پومپیو شمالی کوریا کی قیادت کے ساتھ انتہائی اہم مذاکرات میں مصروفیات کے باوجود پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے سبب دونوں ممالک کی قیادت سے رابطے میں رہے تاکہ صورتحال مزید نہ بگڑے۔
شاہ محمود نے جان بولٹن کو بھارت میں ہونے والے انتخابات کے پیش نظر جارحانہ عزائم کے ممکنہ خدشات سے بھی آگاہ کیا۔ جان بولٹن نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹس کرتے ہوئے کہا امریکا خطے میں قیام امن کے حوالے سے پاکستان حکومت کے اقدامات کو سراہتا ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ کو جیش محمد سمیت پاکستان میں موجود دہشت گرد گروہوں کیخلاف موثر کاروائی کے لئے کہا ہے۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹس میں کہا پاکستانی وزیر خارجہ نے تمام دہشت گرد عناصر کیخلاف موثر کاروائی کی یقین دہانی کروائی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں امریکا کی پاکستان کو ڈو مور کے مطالبے کا کوئی ذکر نہیں تھا۔