واشنگٹن: (دنیا نیوز) ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی نے صدر ٹرمپ کے مواخذے کی مخالفت کر دی۔ انہوں نے کہا ٹرمپ اخلاقی اور ذہنی اعتبار سے صدارت کیلئے نا اہل ہیں، مواخذہ ملک کو تقسیم کی جانب لے جائے گا۔
واشنگٹن پوسٹ کو انٹرویو میں سپیکر نینسی پلوسی نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کے مواخذے کے حق میں نہیں، ری پبلکن صدر اس قابل ہی نہیں کہ ان کا مواخذہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا مواخذہ ملک کو تقسیم کی طرف لے جاتا ہے، ہمیں اس حد تک پستی میں نہیں جانا چاہیے۔
سپیکر امریکی ایوان نمائندگان نے کہا کہ ایوان نمائندگان نے مواخذہ کیا بھی تو سینیٹ سے منظوری ممکن نہیں، بل کلنٹن کا مواخذہ ملک کے لیے تباہ کن تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کسی بھی لحاظ سے صدارت کے لیے فٹ نہیں۔