مشرق وسطی میں امریکی فوج منتقل کرنا عالمی امن کیلئے خطرہ ہے: ایران

Last Updated On 25 May,2019 11:00 pm

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ امریکہ کا فوج مشرق وسطی میں منتقل کرنا بین الاقوامی امن کے لیے خطرہ ہے۔ امریکہ نے خطرناک کھیل کا آغاز کر دیا ہے۔

جواد ظریف نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ہمارے خطے میں بڑھتی امریکی موجودگی انتہائی خطرناک ہے جبکہ امن اور سلامتی کے پیش نظر اسے حل کرنا چاہیے۔ جب تک امریکا جوہری معاہدے سے متعلق اپنے کیے گئے وعدوں پر عمل کرنے کے ذریعے ایران کا احترام نہ کرے تب تک ہم ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے مذاکرات نہیں کریں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا نے علاقے میں اپنی فوجی موجودگی کو تقویت دینے کے ذریعے ایک خطرناک کھیل کا آغاز کر دیا ہے جبکہ امریکا کی جانب سے خلیج فارس میں طیارے بردار بحری بیڑے اور بمبار طیارے تعینات کرنا انتہائی خطرناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے علاقے میں تمام فوجی ساز و سامان کو تعینات کرنا خود حادثے کا باعث بن سکتا ہے جبکہ ایران کبھی بھی دبا کے ذریعے مذاکرات کو نہیں مانے گا۔ ایران سے حسن سلوک پر مبنی اقدامات اٹھائے لیکن اب ہم وعدہ نہ نبھانے والوں سے مذاکرات نہیں کریں گے اور نہ ہی ایرانی عوام جھکیں گے۔