واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر تجارتی معاہدوں پر اتفاق نہ ہونے پر چین کو دھمکیاں دینے لگے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ شی جن پنگ کی قیادت میں چینی دوست معاہدے پر اتفاق نہیں کرینگے تو ان کے ملک کو بہت نقصان ہو گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ میں چین کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ صدر شی جن پنگ کو کھلم کھلا کہہ رہا ہوں کہ اگر معاہدہ نہیں کیا تو آپ بہت بڑا نقصان اٹھائیں گے کیونکہ کمپنیاں چین کو چھوڑ کر دوسرے ممالک جانے کیلئے مجبور ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چین اچھا معاہدے کے باوجود پیچھے ہٹ گیا۔
I say openly to President Xi & all of my many friends in China that China will be hurt very badly if you don’t make a deal because companies will be forced to leave China for other countries. Too expensive to buy in China. You had a great deal, almost completed, & you backed out!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) May 13, 2019
امریکی صدر نے واضح کیا کہ چینی اشیا پر ٹیرف کے اضافے سے صارفین پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ امریکی صارفین کو ٹیرف کی ادائیگی کی کوئی وجہ ہی نہیں ہے۔ وائٹ ہاؤس کے معاشی مشیر لیری کدلو کا خیال ہے کہ امریکی صارفین اور کاروباری افراد کو ٹیرف دینا پڑے گا اور دونوں فریقین ادا کریں گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ کی جانب سے 200 ارب ڈالر کے ٹیکسز عائد کیے جانے کے بعد چین نے جوابی طور پر امریکی مصنوعات پر 60 ارب ڈالر کے ٹیکسز لگا دیئے ہیں۔
چین نے امریکہ کی 5 ہزار سے زائد مصنوعات پر 5 سے 25 فیصد تک ٹیکسز عائد کیے ہیں ، امریکی مصنوعات پر نئے ٹیکسز یکم جون سے لاگو ہوجائیں گے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چین بیرونی دباﺅ کے سامنے نہیں جھکے گا۔