ریاض: (ویب ڈیسک) شاہ سلمان کی طرف سے خادم الحرمین الشریفین خصوصی حج پروگرام کے تحت 1440ھ کے حج کے موقع پر پوری دنیا سے 1300 شخصیات کے حج کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ شاہ سلمان کی ہدایت پر سرکاری سطح پر حج کے انتظامات کی ذمہ داری سعودی وزارت مذہبی امور و دعوت ارشاد کو سونپی گئی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی نے وزیر مذہبی امور عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان پوری دنیا میں عالم اسلام کے مفادات کے خیر خواہ ہیں۔ اسی جذبہ خیر سگالی کے تحت شاہ سلمان کی ہدایت پر 72 ملکوں کے 1300 عازمین حج فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ سعودی عرب میں سرکاری سطح پر عالمی شخصیات کے خصوصی حج پروگرام کا آغاز 1417ھ میں ہوا۔
اس سے قبل شاہ سلمان نے فلسطینی شہداء کے ایک ہزار اقارب کے سرکاری سطح پر حج کے انتظامات کے احکامات دیئے تھے۔