ہماچل پردیش: عمارت گرنے سے 11 فوجیوں سمیت 14 افراد ہلاک

Last Updated On 16 July,2019 03:32 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں عمارت گرنے سے 11 فوجیوں سمیت 14 افراد ہلاک ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے محکمے کا کہنا ہے کہ واقعہ میں 14 افراد چل بسے ہیں، ملبے تلے مزید دو سے تین افراد دبے ہو سکتے ہیں۔ ہماچل پردیش میں واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جب عمارت گری اس وقت بھارتی فوجی کے پہلی منزل پر موجود ریستوران میں پارٹی کر رہے تھے۔

ڈپٹی کمشنر کے سی چمن کے مطابق یہ واقعہ ہماچل پردیش کے علاقے کمارا ہاٹی میں پیش آیا جہاں پر آسام رائفل کے جوان ریستوران میں پارٹی کر رہے تھے، بلڈنگ گرنے کی وجہ بارش بتائی جا رہی ہے۔

ریاستی وزیراعلیٰ جے رام ٹھاکر نے کابینہ ارکان کے ہمراہ واقعہ کی جگہ کا دورہ کیا اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی فوری تفتیش کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے حکم دیا کہ بلڈنگ کے مالک کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلڈنگ میں سب سے پہلے چوتھا فلور گرا جس کی وجہ سے بلڈنگ دیکھتے ہی دیکھتے گر گئی اور یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ تعمیر ہونے والی بلڈنگ میں ناقص میٹریل استعمال کیا جا رہا تھا اور قانون کی خلاف ورزی بھی کی گئی تھی جس کی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا۔ ملوث افراد کے خلاف جلد سے جلد کارروائی کر کے ملوث ملزمان کو فوری سزا دی جائے۔

یاد رہے کہ بھارت میں مون سون کا موسم جاری ہے جس میں مختلف واقعات کے دوران ملک بھر میں ایک سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔