لندن: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کشمیریوں کے حق اور بھارت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ برطانیہ، آئر لینڈ اور امریکی شہر ہیوسٹن میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں اور سیمینار منعقد کیے گئے۔
ہیوسٹن میں کشمیر ٹو خالصتان ریلی نکالی گئی جس کا آغاز گردوارے سے ہوا، کشمیر اور خالصتان کے جھنڈے لہراتے درجنوں گاڑیوں کا قافلہ ہیوسٹن کی سڑکوں پر رواں دواں رہا، دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سکھ اور کشمیری کمیونٹی نے کہا کہ نریندر مودی دوسرا ہٹلر ہے۔
ٹرکوں پر کشمیر اور خالصتان کی آزادی اور نریندر مودی کی 22 ستمبر کو ہیوسٹن آمد پر احتجاج میں شرکت کیلئے نعرے درج تھے، برطانوی شہر لیڈز میں بھارتی مظالم کے خلاف لیڈز سوک ہال کے باہر کشمیریوں نے مظاہرہ کیا جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرے میں کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے گئے، لیڈز کی فضائیں مودی دہشت گرد کے نعروں سے گونج اُٹھیں۔
آئرلینڈ کے شہر لمرک میں مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے کشمیر سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیاسی سماجی تنظیموں کے علاوہ پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی، سیمینار کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان سردار شجاع عالم تھے۔
سیمینار میں ارکان پارلیمان اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی شرکت کی،
مقررین نے کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلے کو اپنی پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کی اورگنائزیشن میں بھی اٹھائیں گے۔