ایران دنیا میں دہشتگردوں کو سپورٹ کرنیوالا نمبر ون ملک ہے: ٹرمپ

Last Updated On 24 September,2019 09:50 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران دنیا میں دہشتگردوں کو سپورٹ کرنے والا نمبر ون ملک ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایران کو دوسرے ممالک کو دھمکیاں دینا بند کرنا ہونگی، سعودی آئل تنصیبات پر حملے کے نتیجے پر تہران پر پابندیاں لگائیں، جب تک ایران اپنا رویہ نہیں بدلتا یہ پابندیاں نہیں اٹھائی جائینگی۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے ساتھ نیا تجارتی معاہدہ کریں گے، معاہدے سے دونوں ممالک کو بہت فائدہ ہو گا، کئی دہائیوں سے بعض ملکوں نے تجارت کا استحصال کر رکھا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ 2001 میں چین کوعالمی تجارتی تنظیم میں شامل کیا گیا، بیجنگ کے ڈبلیو ٹی او میں شامل ہونے سے امریکا میں متعدد فیکٹریاں بند ہو گئیں۔ چینی مصنوعات پر 5 کھرب ڈالر (500 ارب ڈالر) کے تجارتی ٹیرف عائد کر دیئے ہیں۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل محب وطن ہونے میں ہے، بہتر شخص اپنی عوام کا سوچتا ہے، اس کے لیے سب کچھ اس کا اپنا ملک ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں کسی تنازعہ میں نہیں الجھنا چاہتے لیکن اپنے مفادات کا ضرور تحفظ کریں گے، ہم امن چاہتے ہیں، میں امریکی مفادات کو تحفظ کرنے میں دیر نہیں لگاؤں گا۔
 

Advertisement