مودی کا "شائننگ انڈیا"، بھارتی بینک دیوالیہ ہو گیا، تجارتی لین دین پر پابندی عائد

Last Updated On 30 September,2019 02:13 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے اجلاس میں شائننگ انڈیاکا پرچار کرنے والے مودی کے بینک دیوالیہ ہونے لگے، ریزرو بینک آف انڈیا نے پی ایم سی بینک پر تجارتی لین دین پر پابندی لگا دی۔ اکاؤنٹ ہولڈر چھ ماہ میں صرف ایک ہزار روپے نکلوا سکتے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ عید سے پہلے آرٹیکل 370 ختم کر کے کشمیریوں کی عید کالی کی اور اب ان بھارتیوں کی دیوالی سیاہ کر دی۔

مودی کے شائننگ انڈیا کا سیاہ چہرہ، بھارتی بینک دیوالیہ ہونے لگے۔ ریزرو بینک آف انڈیا نے ممبئی کے پنجاب اینڈ مہاراشٹر کوآپریٹو بینک لمیٹڈ پر کسی بھی طرح کے تجارتی لین دین کی پابندی لگا دی۔ اکاؤنٹ ہولڈرز بینک سے اپنے سیونگ، کرنٹ یا دیگر کسی اکاؤنٹ سے چھ ماہ کی مدت میں صرف ایک ہزار روپے نکلوا سکیں گے۔

آر بی آئی کے اس فیصلے کے بعد بینک میں اکاؤنٹ ہولڈرز کی بڑی تعداد پہنچ گئی، ایک ایک روپیہ جوڑنے والے شہری مودی پر برس پڑے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مارچ 2019 کے اعداد و شمار کے مطابق بینک کے پاس عام لوگوں اور کمپنیوں کے تقریباً 11617 کروڑ روپے جمع ہیں۔