پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس میں چاقو بردار شخص کے حملے کے دوران ایک پولیس افسر سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مرکز میں واقع پولیس ہیڈکوارٹرز میں چاقو بردار شخص نے افراد پر حملہ کردیا ، اس دوران حملہ آور کا نشانہ بننے والوں میں پولیس افسر سمیت عام شہری تھے۔ چاقو حملے کے نتیجے میں پولیس افسر سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں حملہ آور مارا گیا۔
امریکی خبر رساں ادارے سی این این کے مطابق حملہ آور کی عمر 45 سال ہے جو 20 سال سے پولیس کے لیے کام کرتاتھا تاہم اسکے محکمے میں ملازمت اور کردار کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر اطراف کے علاقوں کی ناکہ بندی کر کے اضافی پولیس اہلکار تعینات کردیے جب کہ قریبی میٹرو اسٹیشن کو بند کرکے سروس معطل کردی گئی۔
خبر رساں ادارے سی این این کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کی اہلیہ کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ ابھی تک یہ کنفرم نہیں ہو سکا کہ اس کی اہلیہ کو کیوں گرفتار کیا گیا ہے تاہم تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔