یمنی حکومت اور عرب امارات کے حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں کے درمیان معاہدہ طے پا گیا

Last Updated On 06 November,2019 10:41 am

عدن: (دنیا نیوز) یمنی حکومت اور متحدہ عرب امارات کے حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔

یمنی حکومت اور جنوبی عبوری کونسل کے درمیان معاہدہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کروایا، ان کا کہنا تھا کہ "ریاض معاہدہ" یمن کے سیاسی حل کی جانب قدم بڑھے گا، محمد بن سلمان نے کہا کہ معاہدے سے یمن میں استحکام کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

یمن میں حوثی باغیوں، جنوبی عبوری کونسل اور یمنی حکومت کے درمیان جنگ کا سلسلہ جاری ہے تاہم سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت اور متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ جنوبی عبوری کونسل کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اگست میں متحدہ عرب امارات کے حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں نے حملہ کر کے سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسز کو شکست دے کر عدن پر قبضہ کر لیا تھا۔

 ملک یمن میں گزشتہ 4 برس سے  جاری خانہ جنگی میں 10 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تعداد عام شہریوں کی ہے، قحط سالی نے لاکھوں افراد کو موت کے کنارے لا کھڑا کیا ہے، اس صورتحال کو اقوام متحدہ دنیا کا بدترین انسانی المیہ قرار دے چکی ہے۔

دوسری جانب حوثی باغی سعودی عرب کے مسلسل فضائی حملوں کے باوجود جنگ بندی کی پہلے ہی پیش کش کر چکے ہیں، یہ پیشکش 14 ستمبر کو سعودی آئل فیلڈز پر ہونے والے حملوں کے بعد کی گئی۔

Advertisement