ماسکو: (دنیا نیوز) ترکی اور روس نے امریکا پر ایک اور سفارتی برتری حاصل کر لی۔ لیبیا میں نو ماہ سے ایک دوسرے سے برسر پیکار رہنما جنگ بندی کیلئے ماسکو پہنچ گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دورہ روس کے دوران لیبیا کے وزیر اعظم فیاض السراج اور باغی جنرل خلیفہ ہفتر کی جانب سے جنگ بندی معاہدے پر دستخط متوقع ہے۔ روسی وزیر خارجہ بھی ماسکو میں موجود ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ ہفتے ترکی اور روس کی اپیل پر فریقین نے جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ یورپی یونین اور امریکا 9 ماہ سے جاری خونخوار لڑا ئی کو ختم نہیں کرا سکے، باغی جنرل خلیفہ ہفتر کی جانب سے لیبیا کے دار الحکومت پر قبضے کے لئے شدید حملوں کا آغاز ہوا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کی جانب سے لیبیا کی حکومت کی مدد کے لئے فوج بھیجنے کے اعلان پر حالات نے ڈرامائی رخ اختیار کیا۔
روسی وزیر خارجہ کی ترجمان کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات ترکی اور روس کی کاوشوں کے نتیجے میں ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ لیبیا میں اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت نے باغی جنرل خلیفہ حفتر کی جانب سے جنگ بندی کی پیشکش قبول کر لی تھی۔ اس جنگ بندی کے حق میں روسی صدر اور ترک صدور نے بھی آواز بلند کی تھی۔