مسئلہ کشمیر پر بھارت سلامتی کونسل کے رکن ممالک کی درخواست کا جواب دے : چین

Last Updated On 17 January,2020 07:36 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) چین نے مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زوردیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بھارت سلامتی کونسل کےرکن ممالک کی درخواست کا جواب دے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں چین کی جائزہ اجلاس میں شمولیت خطے میں کشیدگی کم کرنے اور علاقائی امن و استحکام کے لئے ہے۔ مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل جائزہ میں بھرپور انداز سے شامل ہوئے ہیں۔

گینگ شوانگ کا کہنا تھا کہ خطے کے معاملات پر بھارت چین کے واضح موقف سے بخوبی واقف ہے، سلامتی کونسل کے دیگر ارکان نے بھی کھل کر تنازعہ جموں و کشمیر پر خدشات کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ روس بھی سلامتی کونسل کے اہم رکن کے طور پر مسئلہ جموں وکشمیر پر کھل کر بولا، بھارت کو توجہ کے ساتھ سلامتی کونسل رکن ممالک کی درخواست کا جواب دینا چاہیے۔

ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ علاقائی امن و استحاکم کے لئے مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے، سلامتی کونسل کے ازسر نو جائزے سے کشیدگی میں کمی، مسئلہ کے حل پر پیشرفت ممکن ہے۔

گینگ شوانگ کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کے ارکان کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کے تحت حل چاہتے ہیں۔ سلامتی کونسل کے ارکان مقبوضہ وادی کی صورتحال پر تشویش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت سے رابطے میں ہیں ، علاقائی امن کے لئے مثبت کردار جاری ہے۔ تنازعہ جموں و کشمیر پر چین کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں۔ بھارت اس سارے معاملے کاکوئی اور مطلب لے تو الگ بات ہے۔