اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جس طرح اپنی تقریر میں کشمیریوں کا مقدمہ پیش کیا وہ اپنی مثال آپ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے زیر صدارت اسلام آباد میں کشمیر سیل کا چوتھا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیر ریلوے شیخ رشید، چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام، سول وعسکری حکام اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ امریکا میں ہونے والی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ انہوں نے 120 کے قریب سربراہان مملکت اور تنظیموں سے روابط کیے جن میں بھارت کے جھوٹے بیانیے کو بھرپور انداز میں بے نقاب کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے جس طرح اپنی تقریر میں کشمیریوں کا مقدمہ پیش کیا، وہ اپنی مثال آپ ہے۔ آج ہندوستان کے سفاکانہ طرز عمل کے خلاف دنیا بھر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی رابطہ گروپ کا مقبوضہ کشمیر پر مشترکہ اعلامیہ آنا انتہائی خوش آئند ہے۔ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو مختلف عالمی فورمز پر اجاگر کرنے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی معاونت جاری رکھے گا۔ شرکا نے کامیاب دورہ امریکا پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو مبارکباد دی۔