اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی وزیراعظم کیساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں مسئلہ کشمیر اور پاک بھارت کشیدہ صورتحال سمیت اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستانی وزیراعظم عمران خان کیساتھ یہ اہم ٹیلی فونک گفتگو تقریباً 20 منٹ جاری رہی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اہم گفتگو سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان میں مسئلہ کشمیر، افغانستان اور خظے کی صورتحال سمیت اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان اچھی گفتگو رہی۔ وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ٹرمپ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور انھیں اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی رابطے میں رہنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان دنیا کے رہنماؤں سے رابطے کر رہے ہیں۔ سلامتی کونسل کے پانچ میں سے چار اراکین سے رابطے ہو چکے ہیں جبکہ فرانس سے رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون کیا۔ صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ کشمیر پر مذاکرات کریں۔