اسلام آباد:آل پارٹیزحریت کانفرنس کااقوام متحدہ کے دفتر کے باہر مظاہرہ

Last Updated On 16 August,2019 09:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آل پارٹیز حریت کانفرنس نے کشمیر پر سلامتی کونسل کے خصوصی اجلاس کے موقع پر اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور یادداشت بھی پیش کی۔

آل پارٹیز حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کے رہنماؤں یوسف نسیم، عبدالحمید لون اور دیگر نے کہا کہ سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام یادداشت میں کہا گیا کہ سلامتی کونسل کشمیریوں کے حقوق کی پاسداری کرائے۔ کشمیری بھارت سے آزادی کے علاوہ کوئی آپشن قبول نہیں کریں گے۔ حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔

مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت نے دنیا سے کاٹ رکھا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں متاثرین کے لئے خوراک ادویات بھجوائی جائیں۔ بھارت کشمیری مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے مظالم کی انتہا کرتے ہوئے دہشت گردی کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔

مظاہرین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک کشمیر بھارت سے آزاد نہیں ہوگا، جدوجہد جاری رہے گی۔ اورسیز فائر لائن کو دیوار برلن کی طرح گرانا ہوگا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوج بھجوائے اور کشمیریوں کی نسل کشی بند کرائی جائے۔
 

Advertisement