’مسئلہ کشمیر معاملے پر سلامتی کونسل کے رکن ممالک کا آج امتحان ہے‘

Last Updated On 16 August,2019 05:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اگر سلامتی کونسل بھارت پر دباؤ ڈالنے میں ناکام رہی تو ادارے کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہوگا۔

مسئلہ کشمیر کے معاملے پر فردوس عاشق اعوان کی جانب سے جاری خصوصی پیغام میں کہا گیا ہے کہ نام نہاد سیکولر ریاست بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ بھارت ہمیشہ عالمی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتا اور عالمی قوانین کو اپنے پاؤں تلے روندتا رہا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ کشمیری عوام کے لئے کھانے پینے اور ادوایات کی کمی ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر سلامتی کونسل کے پانچ رکن ملکوں کا آج امتحان ہے۔ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی 11 قراردادیں موجود ہیں لیکن بھارت مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد سے گریزاں ہے۔ ہم اپنا مقدمہ اقوام متحدہ لے کر گئے ہیں۔ اگر سلامتی کونسل بھارت پر دباؤ ڈالنے میں ناکام رہی تو ادارے کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 70 سالہ بربریت کے باوجود بھارت کشمیریوں کا جذبہ حریت نہیں دبا سکا۔ کشمیر میں بھارتی بربریت کی بدترین مثالیں دنیا میں عام ہو چکی ہیں۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر مقبوضہ وادی میں نسل کشی کا عمل جاری رہا تو بوسنیا جیسے حالات کا سامنا ہوگا۔
 

Advertisement