پنجاب: امراض قلب کے مریضوں کیلئے 16 اضلاع میں کیتھ لیب کے قیام کا آغاز

Published On 29 July,2025 11:41 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ایک اور وعدہ پورا ہوگیا، امراض قلب میں مبتلا مریضوں کے لئے 16 اضلاع میں کیتھ لیب کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

پنجاب میں ضلع کی سطح پر سرکاری ہسپتالوں میں اینجو پلاسٹی کا آغاز ہوگا، اٹک، جہلم، میانوالی، قصور، جھنگ، وہاڑی، بہاولنگر اور لیہ میں کیتھ لیب قائم ہوں گی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ، خانیوال، راجن پور، بھکر، چکوال، منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد میں کیتھ لیب بنائی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر کیتھ لیب کے لئے ڈاکٹرزاور سٹاف کی تعیناتی کا آغاز کر دیا گیا، اس حوالے سے بہترین انٹرونیشنل کارڈیالوجسٹ کی خدمات طلب کی گئی ہیں، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں ایف سی پی ایس، ایم ڈی اور امریکن بورڈ آف کارڈیالوجی سے ڈپلومہ کرنے والے ڈاکٹرز کو تعینات کیا جائے گا۔

کیتھ لیب میں کارڈیالوجی کے تجربہ کار میڈیکل آفیسراورنرسیں بھی رکھی جائیں گی، کیتھ لیب میں میڈیکل ایمجنگ ٹیکنالوجسٹ اور کیتھ لیب ٹیکنالوجسٹ بھی موجود ہوں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کیلئے بہترین کارڈیالوجسٹ کی خدمات حاصل کرنے کا حکم دیا ہے، ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب نے کارڈیالوجسٹ،میڈیکل آفیسرز، نرسز اور ٹیکنالوجسٹ بھرتی کیلئے پراسیس کا آغاز کر دیا۔

مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اضلاع میں کیتھ لیب بننے سے اینجو پلاسٹی کیلئے مریضوں کو بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا، ہر ضلع میں مرحلہ وار کیتھ لیب بنائیں گے، مریضوں کو فوری ریلیف ملنا ممکن ہوگا، ڈسٹرکٹ کیتھ لیب میں ناصرف بہترین ڈاکٹر بلکہ عملے کی موجودگی کو یقینی بنائیں گے، ہر مریض کو علاج کی بہترین سہولتیں گھر کی دہلیز پر میسر ہوں گی۔